ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : موگیر سماج کے احتجاج کو ملی مختلف تنظیموں کی طرف سے حمایت ۔ رکن اسمبلی نے کیا مکمل ساتھ دینے کا وعدہ

بھٹکل : موگیر سماج کے احتجاج کو ملی مختلف تنظیموں کی طرف سے حمایت ۔ رکن اسمبلی نے کیا مکمل ساتھ دینے کا وعدہ

Sun, 27 Mar 2022 11:17:02    S.O. News Service

بھٹکل 27/ مارچ (ایس او نیوز) درج فہرست ذات (ایس سی)میں واپس شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے موگیر سماج کی طرف سے منی ودھان سودھا کے باہر جو احتجاجی دھرنا شروع کیا گیا ہے وہ  اتور  کو پانچویں دن میں  داخل ہوگیا جس کے دوران موگیر سماج کے صدر انپّا موگیر نے کہا کہ ہم اپنے آئینی حق کا مطالبہ کررہے ہیں اس لئے حکومت کی طرف سے جب تک ہمیں ایس سی سرٹفکیٹ  دوبارہ  دینے کا اعلان نہیں جاتا تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا ۔

اتوار کو احتجاجی دھرنا میں اسکولی طلبہ  و طالبات نے شریک ہوکر اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہیں ایس سی کی جو سہولیات ملنی چاہئے تھی وہ نہیں مل رہی ہے، ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے شیڈول کاسٹ کی جو  ریزوریشن رہتی ہے، اسے روک دئے جانے سے ہمارے لئے  مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔

اس سے قبل سنیچر کے دن منڈلّی گرام علاقے سے سیکڑوں مرد و خواتین نے دھرنے میں شامل ہوکر اپنے مطالبات کا اعادہ کیا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے موگیر سماج کے صدر انپّا  موگیر  نے کہا کہ ہم نے ضلع ڈی سی کو جو میمورنڈم دیا ہے اس پر ڈی سی نے چار پانچ دن کی مہلت مانگی ہے ۔ ہم نے اپنی بات واضح انداز میں ان کے سامنے رکھی ہے ۔

سیاسی لیڈران کی شرکت: رکن اسمبلی سنیل نائک نے  سنیچر کو دھرنے کے مقام پر پہنچ کر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موگیر سماج کو انصاف دلانے اور ایس سی سرٹفکیٹ دوبارہ جاری کروانے کے سلسلے میں موگیر سماج کے لیڈروں کے ساتھ مل کر سرکاری سطح پر مسلسل کام کر رہے ہیں ۔ اب اسمبلی کے جاری سیشن میں منگل کے اس مسئلہ کو اٹھانے کے لئے انہیں موقع دیا گیا ہے ۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس جدوجہد میں وہ پوری طرح موگیر سماج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اور اپنی طرف سے پوری کوشش کریں گے کہ جلد از جلد یہ مسئلہ حل ہوجائے اور موگیر سماج کو انصاف ملے ۔

اسی طرح جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی اپنے فینس کلب کے ذمہ داران کے ساتھ احتجاجی مظاہرین کے پاس پہنچ کر انہیں اس جدوجہد میں اپنی طرف سے پوری حمایت دینے کا اعلان کیا ۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ موگیر سماج کو درج فہرست ذات کا سرٹفکیٹ دینے کا سلسلہ سابق وزیر جناب ایس ایم یحییٰ (مرحوم)  کے زمانے میں شروع ہوا تھا ۔ لیکن ادھر پچھلے کچھ سال سے اس پر روک لگی ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور نیشنل ایس سی/ ایس ٹی کمیشن کی طرف سے موگیر سماج کو درج فہرست ذات سرٹفکیٹ دینے کی سفارش کے باوجود ریاستی حکومت اس پر عمل نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے موگیر سماج کے ذمہ داروں کو یقین دلایا کہ انصاف حاصل کرنے کی اس جد وجہد میں ہر قدم پر ان کا ساتھ دینے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں ۔

 


Share: